خبرنامہ پنجاب

لاہور طاقت کی جعلی ادویات تیار کرنے کے الزام میں 3 ملزمان کو سزائیں وجرمانہ

لاہور۔21 اکتوبر(ملت + اے پی پی )ڈرگ کورٹ لاہور نے جعلی ادویات تیارکرنے کے کیس میں ملوث2 ملزمان کو آٹھ آٹھ سال اور تیسرے ملزم کو 14سال قید اور ڈیرھ ،ڈیرھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔چیئرمین ڈرگ کورٹ جہا نگیر احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سُنایا۔ عدالت کے رو برو دوران سماعت ایف آئی اے نے طاقت کی جعلی ادویات تیار کرنے کے الزام میں تین ملزمان محمد ناصر،محمد جمیل انجم اور شاہد لودھی کے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا۔ دوران سماعت کورٹ میں ملزمان سے برآمد ہونے والی گولیاں بھی پیش کی گئیں۔ عدالت نے وکلا کے دلائل اور گواہوں کی روشنی میں ملزمان پر جرم ثابت ہونے پردوملزمان کو آٹھ آٹھ سال قید بامشقت اور ڈیرھ ڈیرھ لاکھ روپے جرمانہ جبکہ تیسرے ملزم شاہد لودھی کو 14سال قید اور ڈیرھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔