خبرنامہ پنجاب

ملکی برآمدات میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائرمیں25کروڑ ڈالر سے زائد کمی ہوئی‘ ناصرحمیدخاں

لاہور(آئی این پی) ممبرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری و پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(پاسپیڈا) کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ناصر حمیدخاں نے کہا ہے کہ کہ ملکی برآمدات میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں25کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت اور خزانہ کے دعوؤں کے برعکس گزشتہ چھ ماہ کے دوران مجموعی ملک کی برآمدات میں اضافہ ہونے کی بجائے 14فیصد تک کمی ہوئی ہے گزشتہ سال 2014-15کے دوران ملکی برآمدات کی مالیت12ارب5کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی جو رواں مالی سال2015-16میں14فیصد کم ہوکر 10ارب31کروڑ ڈالر رہ گئی ہے۔ناصر حمید نے کہاکہ حکومت ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ سازگار ماحول فراہم کرے، ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں کمی سے ہی ملکی برآمدات اور حکومتی ریونیو میں اضافہ ممکن ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مراعات و ترغیبات نہ دینے سے برآمدات میں منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں بجلی و گیس کی عدم فراہمی سے صنعتیں بند ہونے سے ہزاروں مزدور بے روزگاری اور صنعتکار مالی پریشانیوں کا شکارہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں کمی کی اہم وجوہات میں مہنگی بجلی و گیس کی فراہمی بھی ہے کیونکہ مہنگی بجلی ،مہنگی پیداوار کے باعث ملکی صنعتکار بیرونی منڈیوں میں دیگر ممالک سے مقابلہ کی پوزیشن سے باہر ہوتا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ ملکی برآمدات میں تیزی سے کمی واقع ہورہی ہے جس سے حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر بھی کم ہورہی ہیں اور حکومت کو کاروبار زندگی چلانے کیلئے آئی ایم ایف جیسے اداروں سے ان کی شرائط پر مہنگے قرضے حاصل کرنے پڑ رہے ہیں اور ان قرضوں کے عوض ملک میں تمام شعبوں پر ٹیکسوں کی بھرمار جاری ہے۔