خبرنامہ پنجاب

ننکانہ صاحب: ہسپتال میں مفت ادویات اورپانی ناپید

ننکانہ صاحب:(آئی این پی ) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں مفت ادویات کے بعد پانی بھی ناپید ہوگیا، ہسپتال انتظامیہ کی لوگوں کو گھروں سے اپنے ساتھ پانی لانے کی ہدایت، خراب ٹرانسفارمر کے ستائے مریض اور لواحقین سراپا احتجاج بن گئے۔ نا مفت ادویات نا بجلی اور اب نا ہی پانی،، یہ ہے ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب کی دکھ بھری کہانی، ستم بالائے ستم یہ کہ بے حس انتظامیہ نے مریضوں کے لواحقین کو پانی بھی گھروں سے لانے کی ہدایات جاری کر رکھیں ہیں۔ دوسری جانب کئی روز سے خراب ٹرانسفر اور خراب متبادل جنریٹر نے مریضوں کے ساتھ ساتھ لواحقین کو بھی ذہنی کرب میں مبتلا کرکے رکھ دیا ہے۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر غلام یاسین کہتے ہیں کہ سات سال سے واپڈا کو ہسپتال کیلئے چار سو کے وی کے ٹرانسفارمر کی فائل مکمل کرکے دی ہوئی ہے مگر کام جوں کا توں ہی پڑا ہے۔ مریضوں اور انکے لواحقین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ہسپتال کے ان دیرینہ مسائل کو فوری طور پر حل کرکے انہیں ذہنی کوفت سے نجات دلائی جائے۔