خبرنامہ پنجاب

پاناما لیکس: پی ٹی آئی کل لاہور میں میدان لگائےگی

لاہور:(اے پی پی) پاناما لیکس کا ہنگامہ ، پی ٹی آئی کل لاہور میں میدان لگائے گی، چیئرنگ کراس پر تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، کپتان شام کو جائزہ لینے پہنچیں گے ، لبرٹی سے ریلی بھی نکلے گی ۔ تحریک انصاف کی چیئرنگ کراس پر تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ، آج شام 5 بجے لبرٹی چوک سے چیئرنگ کراس تک وارم اپ ریلی نکالی جائے گی۔ کپتان بھی شام کو چیئرنگ کراس پہنچیں گے اور جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔ چیئرنگ کراس پر جلسے کے لئے انتظامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے جلسے کی اجازت تو نہیں دی تاہم جلسے کے لئے سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ جلسے کی سیکورٹی کے لئے دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے ۔ ڈی جے ولی سنز کی جانب سے مال روڑ پر ساونڈ سسٹم لگانے کا کام جاری ہے جبکہ ڈی جے کامران شیخ جلسہ گاہ میں شٹرنگ کر رہے ہیں ، جلسہ گاہ کو بینرز سے سجایا جا رہا ہے ، جلسے میں لائٹس کے لئے بڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں جنریٹر لگائے جا رہے ہیں جو مال روڑ پر پہنچ گئے ۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے جلسے کا اسٹیج بنے گا۔ لاہور میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں مگر پولیس حکام آج مقام تبدیل کرانے کے لیے آخری کوشش کریں گے جبکہ خواتین کے لیے علیحدہ سیکورٹی پلان مرتب کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق یکم مئی کو پاکستان تحریک انصاف کا فیصل چوک میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے تناظر میں فیصل چوک سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ پولیس نے جلسے کی سیکورٹی کو ریڈ ، ییلو اور گرین میں تقسیم کر دیا۔ ذرائع کے مطابق خواتین کے لیے علیحدہ انکلوئیر اور علحیدہ نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ کسی بھی بد نظمی سے بچا جا سکے ۔ دوسری جانب سے پولیس حکام جلسہ کی جگہ تبدیل کرانے کے لیے آج ایک آخری کوشش کرے گی اور ناکامی کی صورت میں رات کو سیکورٹی تعینات کرنا شروع کر دی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف نے مال روڈ پر نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی چیکنگ کے احکامات جاری کر دیے ہیں ۔