خبرنامہ پنجاب

پاکستان میں عمران خان سے زیادہ کوئی گندی گفتگو نہیں کرتا، ثنااللہ

لاہور:(ملت+اے پی پی) وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ پاکستان میں عمران خان سے زیادہ کوئی گندی گفتگو نہیں کرتا اوران گھٹیا باتوں پرانہیں کبھی شرم نہیں آئی۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے رائیونڈ مارچ کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کررکھے ہیں، پی ٹی آئی کے کسی کارکن کوجلسے میں آنے سے نہیں روکا جارہا، جلسے کے لیے روٹ کا تعین پی ٹی آئی نے خود کیا ہے، پی ٹی آئی نے جہاں راستے کھلے رکھنے کوکہا ہے وہ کھولے ہیں اورجہاں انہوں نے کنٹینرلگانے کوکہا وہاں ہم نے کنٹینر لگائے ہیں لیکن پاگل پٹھان کی وجہ سے ہوسکتا ہے کہ وہاں کوئی شرارت کرجائے۔ صوبائی وزیرقانون کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاگل پن کی وجہ سے پارٹی مقبولیت زمین کے اندرگھس گئی ہے، پاکستان میں جتنی گندی گفتگو عمران خان کرتے ہیں کوئی اورنہیں کرتا اوران گھٹیا باتوں پرانہیں کبھی شرم نہیں آئی، پاکستان تحریک انصاف رائیونڈ میں 5 لاکھ کارکن اکٹھے کرنے کا دعوی ٰکیا ہے اوراس کے لئے ملک بھرکی خاک چھانی جارہی ہے لیکن عمران خان اگر 2 لاکھ افراد بھی اکٹھے کرلیں تو بڑی بات ہے۔