خبرنامہ پنجاب

پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل منظور

لاہور:(آئی این پی) پنجاب اسمبلی نے ارکان کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل منظور کرلیا ، وزیر قانون پنجاب نے بل کی منظوری کے لئے اپوزیشن سے مک مکا کی ہنڈیا بیچ چوراہے میں پھوڑ دی ، پنجاب اسمبلی میں وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے قوانین عوامی نمائندگان پنجاب 2016 کا بل پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔ اس بل کے مطابق ارکان صوبائی اسمبلی کی تنخواہیں اورمراعات ڈبل کردی گئی ہیں ۔ ہر رکن اسمبلی کی تنخواہ اور مراعات 42 ہزار سے بڑھ کرتقریبا 83 ہزار روپے ماہانہ ہوگئی ۔ بل کے مطابق ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ آئندہ سے سرکاری ملازمین کے اضافے کے ساتھ بھی منسلک کر دیا گیا ۔ اعلی گریڈ کے آفیسر کی تنخواہ میں جس قدر ہر سال اضافہ ہوگا ، ایم پی اے کو بھی وہ اضافہ ملے گا ، رکن پنجاب اسمبلی کی بنیادی تنخواہ اٹھارہ ہزار اور ڈیلی الاؤنس ایک ہزار روپیہ کردیا گیا ، کنوینس الائونس چارسوسے بڑھاکر چھ سو روپے ،مہمانداری الاونس پانچ ہزارسے دس ہزار کر دیا گیا جبکہ ٹریولنگ الائونس پانچ روپے سے پندرہ روپے فی کلومیٹر ، ہائوس رینٹ دس ہزار سے انتیس ہزار کر دیا گیا ۔ یوٹیلٹی الائونس تین ہزار سے چھ ہزار ، ٹیلی فون الائونس پانچ ہزار سے دس ہزار کر دیا گیا ۔ ایڈیشنل ٹریولنگ الائونس پچھتر ہزار سے ایک لاکھ بیس ہزار سالانہ ہوگا ۔ وزیر قانون پنجاب نے بل متفقہ منظور ہونے پر اپوزیشن کی اپنے انداز میں ہی تعریف کی ۔ بل کے مطابق اکاموڈیشن الائونس ، کار مینٹی ننس الائونس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔ بل کا اطلاق جولائی 2015 سے ہو گا جس سے پنجاب اسمبلی کو گزشتہ سات ماہ کے بقایا جات میں تقریبا 10 کروڑ روپے برداشت کرنا ہونگے ۔ ہر رکن اسمبلی کو بقایا جات کی مد میں 2 لاکھ 66 ہزار ملیں گے ۔ پارلیمانی سیکرٹری کو پچھلے سات ماہ کے بقایا جات کی مد میں ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس ملیں گے ۔