خبرنامہ پنجاب

پنجاب اسمبلی کے سامنے سمٹ مینار میوزیم سے نادر اشیا ءلوٹ لی گئیں

لاہور:(آئی این پی)لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے سمٹ مینار میوزیم سے نادر اشیا لوٹ لی گئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹ مار اسمبلی کے سامنے احتجاج کے دوران کی گئی۔ مظاہرین نے سیکورٹی گارڈز کو تشدد کرکے بھگادیا ۔ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے سمٹ مینار میوزیم سے نادر اشیا لوٹ لی گئی ہیں، میوزیم میں دوسری اسلامی سربراہ کانفرنس سے متعلق اشیا رکھی تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ نوادرات اس وقت لوٹی گئیں جب پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج ہورہا تھا،مظاہرین نے سیکورٹی گارڈز کو تشدد کرکے بھگادیا ۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے 1974ء میں ہونے والی دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس کی یاد میں سمٹ مینار قائم ہے، اس مینار سے ملحقہ میوزیم میں اُس دور کی قیمتی اورنادر اشیاء محفوظ ہیں۔ جمعے کی شام ممتاز قادری کی پھانسی کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے چیئرنگ کراس اور پنجاب اسمبلی کے سامنے قبضہ جمائے رکھا،اسی دوران وہ سمٹ میوزیم بھی گھس گئے۔ میوزیم کے سپر وائزر ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ مظاہرین نے تین سیکورٹی گارڈز کوتشدد کرکے بھگادیا اورایک شو کیس سے نایاب چوڑیاں اور ہار لوٹ کر لے گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس افسران بھاری نفری کےساتھ موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے جس کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔