خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر سیخ پا نہیں ہونا چاہیے:سید خورشید شاہ

سکھر (آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر سیخ پا نہیں ہونا چاہیے، نیب کے طریقہ کار کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے،تمام ادارے پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں، وزیراعظم کو نیب کی کارروائیوں پر اعتراضات ہیں تو انہیں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ وہ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ بھارت پاکستان پر الزامات کیوں لگا رہا ہے،پٹھان کوٹ واقعہ کے تمام حقائق سامنے آنے چاہئیں، ہمیں اب تک نہیں معلوم کہ پٹھان کوٹ میں کیا ہوا اور ہم پر الزام کیوں لگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو دو سال بعد گناہ گار ٹھہرانا ٹھیک نہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزم کو موقف دینے کا موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دو سال سے کہہ رہے تھے کہ ایل این جی کا بتایا جائے لیکن اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا، ہم اقتدار میں الگ اور اپوزیشن میں الگ ہوتے ہیں، لگتا ہے قانون صرف عوام کیلئے ہے ۔سیاسی جماعتوں کیلئے نہیں۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ مجھے علم نہیں کہ چیئرمین نیب نے وزیراعظم سے ملنے سے انکار کر دیا، وزیراعظم نواز شریف کو پارلیمنٹ میں اپنا موقف دینا چاہیے تھا، پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے اور تمام ادارے پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر سیخ پا نہیں ہونا چاہیے،نیب کے طریقہ کار کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے،وزیراعظم کو اعتراضات ہیں تو انہیں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے، کرپٹ آدمی کوئی بھی ہو اس کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے احتساب کمیشن بنانے کی بات کی تھی،2008ء کے بجٹ میں نیب کیلئے رقم نہیں رکھی تھی۔(اح)