خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف نمائشی اور کاغذی کاروائی کی جاتی ہے: حامد رضا

فیصل آباد(ملت + آئی این پی)سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف نمائشی اور کاغذی کاروائی کی جاتی ہے ،جنوبی پنجاب کالعدم تنظیموں کا گڑھ بن چُکا ہے ،کراچی اور فاٹا کے مفرور دہشت گرد پنجاب میں پناہ لے چکے ہیں اس لیے پنجاب میں رینجر ز کو فری ہینڈ دیکر آپریشن کیا جائے۔ سنی اتحاد کونسل آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔کارکنان ابھی سے الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں۔تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے فری ہینڈ ملناچاہیے۔جنہیں جیلوں میں ہونا چاہیے تھا وہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہیں ۔ وہ ہفتہ کو جامعہ رضویہ میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرنے سے ہی مسئلہ کشمیر حل ہو گا ۔ کشمیری بھارتی فوج کی گولیوں کے جواب میں پاکستانی پرچم لہراتے اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں۔حکومت کی نااہلی کی وجہ سے وسائل سے مالا مال پاکستان مسائل سے دوچار ہے۔ کرپٹ افراد کا احتساب نہ ہوا تو آئندہ الیکشن میں بھی چند خاندان کرپشن کی کالی دولت سے انتخابات کو اغوا کر لیں گے۔حکومت کے خلاف احتجاج جمہوری حق ہے جسے روکنا غیر جمہوری رویہ ہے۔ حکمران خاندان کو پاکستان کی نہیں اپنے کاروبار کی زیادہ فکر ہے۔ پاک فوج کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام و نامراد ہو نگے ۔ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ پاکستان کی بہاد ر فوج نے قربانیاں دیکر فاٹا اور بلوچستان میں حکومت کی رٹ قائم کی ہے۔ احتساب کا راستہ روکنے والے کرپشن کا مال بچانا چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرنا حکومت کی غیر سنجیدگی کا ثبوت ہے۔ حکومت غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے اپوزیشن کی آواز کو دبا نہیں سکتی۔سیاسی کارکنوں کو نہیں کرپٹ حکمرانوں کو جیلوں میں ڈالنا چاہیے۔