خبرنامہ پنجاب

پیر اعجاز ہاشمی کا ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

لاہور( آئی این پی) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پرمیڈیسن کمپنیوں کی من مانی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی دلچسپی عوام سے متعلقہ مسائل سے نہیں کمشن بنانے اور سریا سیمنٹ والے منصوبوں میں ہے۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں پیر اعجازہاشمی نے کہا کہ میڈیسن کمپنیوں کی طرف سے بغیر کسی منظوری کے زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتیں بڑھانا قابل مذمت ہے اور اس سے زیاد ہ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ متعلقہ ادارے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو معاملے کی سنگینی کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جن ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا وہ تمام زندگی بچانے والی ہیں۔ حکومت کی گوڈ گورننس کے دعوے کہا ں گئے۔ ان کا کہنا تھا حکومت کی دلچسپی ایسے منصوبوں میں ہے جہاں لوہا اور سیمنٹ استعمال ہوتا ہے، اسی لئے بجلی کی قلت دور کرنے کی بجائے سارا بجٹ میٹرو بس کے بعد اب اورنج لائن ٹرین پر خرچ کیا جارہا ہے۔ اور متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لئے ایمرجنسی سروس شروع کی گئی ہے۔ لیکن جن کی چھت چھین لی گئی وہ احتجاج کررہے ہیں۔ وزیراعظم میاں نواز شریف کو بے بس لوگوں کی چیخ و پکار کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف پانچ روپے کی کمی عوام سے مذاق کے مترادف ہے۔ اسے عالمی منڈی میں کمی کے تناسب سے کم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔