خبرنامہ پنجاب

گورنر ہاؤس کی دیواریں اصل حالت میں بحال کرنے کی درخواست سماعت کیلئےمنظور

لاہور ہائی کورٹ نے گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواروں کو اصل حالت میں بحال کرنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔

لاہور ہائی کورٹ نے درخواست منظور کرنے کے بعد وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب بھی طلب کرلیا۔

جسٹس مامون الرشید نے آمنہ ملک اور بشیر احمد خالد کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس مامون الرشید نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ گورنر ہاؤس کی کنٹرولنگ اتھارٹی کون ہے جس پر انہوں نے بتایا کہ انہیں ابھی اس بارے میں علم نہیں ہے تاہم پتہ کرکے عدالت کو بتادیا جائے گا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ لوکل اتھارٹی کی اجازت کے بغیر کیسے دیوار گرا کر جنگلے لگائے جاسکتے ہیں؟

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا کام تو رک چکا ہے، تاہم استدعا ہے کہ گورنر ہاؤس کی دیواروں کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔

درخواست گزار نے یہ بھی استدعا کی کہ عدالت گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواروں کو نقصان پہنچانے کے ذمہ داران کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کا بھی حکم دے۔

عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 13 دسمبر کے لیے ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے پر تاحکم ثانی حکم امتناع جاری کردیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ نے ساتھ ہی وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا تھا۔