خبرنامہ پنجاب

شہباز شریف کی نااہلی کے لیے درخواست مسترد

لاہور(ملت آن لائن)ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی نااہلی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے عمران خان کی جانب سے شہباز شریف کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے شہباز شریف کی نااہلی کے لیے دلائل دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ وزیراعلی پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے کیونکہ انہوں نے 34 ملین ڈالر کے اثاثے ظاہر نہیں کیے اور وہ آئین کے آرٹیکل 62۔63 پر پورا نہیں اترتے۔ بابر اعوان نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں شریف خاندان کے اثاثے آمدن سے مماثلت نہیں رکھتے، انہوں نے خاندانی شوگر ملز کیلئے بھی اثر و رسوخ استعمال کیا۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بھائی وزیراعظم نواز شریف کو 6 ارب روپے کے تحائف دیئے، جس کا کسی منی ٹریل میں ذکر نہیں کیا، جب کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ذاتی کاروبار سے منسلک رہے۔ جسٹس شاہد کریم نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ بابر اعوان نے درخواست دائر کی تھی جس میں شہباز شریف اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا تھا۔