خبرنامہ پنجاب

ید الاضحی کے موقع پرٹریفک کنٹرول کیلئے 850سے زائد ٹریفک وارڈنزاور دیگرافسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں

فیصل آباد (ملت آن لائن)عید الاضحی کے موقع پرون ویلنگ ،خطرناک انداز میں ڈرائیونگ ،اوورچارجنگ اوراوورلوڈنگ روکنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی جانب سے خصوصی اسکواڈز تشکیل دے دئیے گئے ہیں جبکہ 850سے زائد ٹریفک وارڈنز اور دیگر افسران کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں نیز تمام افسران و وارڈنز کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ عید الاضحی کے ایام میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھاجاسکے۔ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آ باد کے ذرائع نے بتایاکہ بدھ کوعید کے روز 850سے زائد ٹریفک وارڈنز ، 35ٹریفک انسپکٹرز ، 4 ڈی ایس پیزاپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے ڈیوٹیوں پر موجود رہیں جبکہ چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد بھی براہ راست ان کی مانیٹرنگ کریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر موٹر سائیکلوں پر مسلسل گشت بھی جاری رکھاجائیگا تاکہ منچلے نوجوانوں کو ہلڑ بازی یا ٹریفک میں خلل ڈالنے کاموقع نہ مل سکے۔ انہوں نے بتایاکہ عیدکے موقع پر عید گاہوں،تفریحی مقامات اورپارکس پر بھی خصوصی ٹریفک ڈیوٹیا ں لگائی گی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر صبر وتحمل اور برداشت کے علاوہ ٹریفک قوانین کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز بھی کسی قانونی کارروائی،چالان ،جرمانہ اور اپنی گاڑی کی 72 گھنٹے کی بندی سے بچنے کے لیے اوورلوڈنگ اور اوورچارجنگ سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔