قومی دفاع

افغان سرحد سے پاک فوج کی چوکی پر حملہ

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے پاکستانی چوکی پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جب کہ جوابی کارروائی میں 7 حملہ آور مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سرحد پار افغانستان کی حدود سے پاک فوج کی چوکی پر فائرنگ کی گئی جس کا مؤثر انداز میں جواب دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔