قومی دفاع

اقوام متحدہ نے پاک بھارت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ طورپر لڑنے کی تجویز پیش کردی

نیویارک(آئی این پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاک بھارت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ طورپر لڑنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئی ایس آئی ایس برصغیر میں بھی اپنا دائرہ وسیع کرنے کی کوشش میں ہے جبکہ بھارت اور پاکستان کو داعش سے خطرہ ضرور ہوسکتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بان کی مون نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کے درمیان دوستی کا خطے کے امن کیلئے انتہائی ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ خطرہ آئی ایس آئی ایس ہے جو دنیا کے امن کو تباہ کرنا چاہتی ہے جس کی وجہ سے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش خطے میں بھی اپنا اثر قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے اور دیگر تنظیموں کا نام دیکر داعش برصغیر میں انٹری دے چکی ہے جس کی وجہ پاکستان اور بھارت کو خطرہ ضرور ہو سکتا ہے۔ بان کی مون کا کہنا تھا کہ پاک بھارت داعش کے اثر سے متاثر ہو سکتے ہیں لہذا دونوں ممالک کو اس نازک وقت پر آپس میں اختلافات بھلا کر دہشتگردی کا مل کر اور مشترکہ بنیادوں پر مقابلہ کرنا ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے اس سلسلے میں کہا کہ بان کی مون داعش کی سرگرمیوں سے کافی حد تک فکر مند ہے کیونکہ عراق اور شام کے حوالے سے ان کی سرگرمیاں انتہائی خطرناک تصور کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے اس خطے میں امن غارت ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ داعش برصغیر میں بھی خطرہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے پاک بھارت اور پاکستان کی سرحدیں بھی ان کا نشانہ ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر تنظیمیں کا لبادہ اوڑھ کر بھی داعش دونوں ممالک کیلئے خطرات پیدا کرسکتی ہے جس کو دیکھتے ہوئے دونوں ممالک کو ہر ممکن سطح پر آپسی اختلافات مشترکہ مذاکرات کے ذریعے ختم کرنا ہونگے تاکہ وہ داعش کا شکار نہ بنیں۔