قومی دفاع

ایف سی اور حساس اداروں کی کوئٹہ اور پنجکور میں کاروائیاں،33مشتبہ افراد گرفتار

راولپنڈی (ملت آن لائن + آئی این پی) ایف سی اور حساس اداروں نے کوئٹہ اور پنجکور میں کاروائیوں کے دوران 33مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ د ہشت گردوں کے زیر استعمال 3 کیمپ مسمار کردیئے گئے اور بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمدکرلیا گیا۔ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے مارگٹ اور پنجگور میں دہشت گردوں کے موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں کی ہیں۔کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں دہشت گردوں کے زیر استعمال 3 کیمپ مسمار کردیئے اور 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے 3 کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز،مواصلاتی آلات اور دیگر تخریبی مواد برآمد کرلیا گیا ۔ پنجگور کے علاقے گچک میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 30 مشتبہ افراد گرفتارکرلیا گیا اور انکے قبضے سے 2 ایس ایم جیز اور سینکڑوں رانڈز برآمد کرلیے گئے ۔مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔