قومی دفاع

بلوچستان ترقی کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے،آرمی چیف

اسلام آباد (ملت آن لائن ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ بلوچستان میں ترقی کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے ،امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے پر فورسز کا کردار قابل ستائش ہے ۔سربراہ پاک فوج نے گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے آواران کا دورہ کیا، انہیں علاقے کی سکیورٹی صورتحال اور مقامی آبادی کے لیے آرمی اور ایف سی کی جانب سے جاری امدادی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو بتایا گیا کہ علاقے میں فورسز کی جانب سے جاری طبی سرگرمیوں سے اب تک تقریباً 1لاکھ 50ہزار افراد مستفید ہو چکے ہیں ،انہیں ڈی ایچ کیو آواران کی کپیسٹی کو بڑھانے کے حوالے سے فراہم کیے جانے والے تعاون سے بھی آگا ہ کیا گیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بتایا گیا کہ آواران میں آرمی اور ایف سی کی جانب سے 200طلبا کورہائشی اور دیگرسہولیات سمیت مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے جبکہ ایف سی بلوچستان کی جانب سے حال ہی میں ایک نئے اسکول کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے آرمی،ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس حوالے سے مقامی آبادی کے لیے خدمات کو بے حد سراہا جن سے علاقے کی سلامتی اور امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ،بعدازاں چیف آف آرمی اسٹاف نے لوکل عمائدین اور علاقے کی معروف شخصیات سے ملاقات کی جنہوں نے صوبہ بلوچستان کی ترقی اور امن و امان میں بہتری کے لیے آرمی کی کاوشوں کو سراہا، اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ امن وامان بہتربنانے پرسکیورٹی فورسزکاکردار قابل ستائش ہے ،بلوچستان میں ترقی کیلئے تعاون کرتے رہیں گے ،انہوں نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون پر مقامی آبادی کا شکریہ ادا کیا ، آرمی چیف نے مقامی اسکول کا بھی دورہ کیا اور بچوں سے ملاقات کی، قبل ازیں جنرل قمر جاوید باجوہ جب دورے کیلئے آواران پہنچے تو کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نے ان کا استقبال کیا۔ ‌