قومی دفاع

بھارتی حکومت نے پاکستان کے ساتھ 2900 کلومیٹر طویل سرحد پر جدید ترین ٹیکنالوجی کے منصوبےکی منظوریدےدی

نئی دہلی:(اے پی پی) بھارتی حکومت نے پاکستان کے ساتھ مشترک 2900 کلومیٹر طویل سرحد پر جدید ترین ٹیکنالوجی پر مشتمل 5 درجاتی حصار قائم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمپری ہنسو انٹگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (سی آئی بی ایم ایس) کے تحت سرحدوں کی چوبیس گھنٹے نگرانی کے حوالے سے پنجاب اور جموں میں پانچ، پانچ کلومیٹر طویل سرحدی پٹی کے پائلٹ پراجیکٹس پر کام پہلے ہی شروع کردیا گیا ہے۔ اس انتہائی مہنگے منصوبے کے تحت بھارت اپنی 2900 کلومیٹر طویل سرحد پر سی سی ٹی وی کیمرے، تھرمل امیج اورنائٹ وژن آلات ، میدان جنگ کی نگرانی کرنے والے ریڈار ، زیر زمین نقل وحرکت کا پتہ لگانے والے آلات اور لیزر بیریئر نصب کئے جائیں گے۔ کسی بھی ایک آلے کی طرف سے کام چھوڑ دینے کی صورت میں دوسرا آلہ اس کی جگہ کام شروع کردے گا اور کنٹرول روم کو اطلاع کرے گا ۔ جموں سے گجرات تک 130 ایسے سرحدی علاقے جہاں باڑ موجود نہیں ، کی نگرانی کیلئے لیزر بیریئر لگائے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق اس منصوبے سے 2900 کلومیٹر طویل سرحد پوری طرح بند کردی جائے گی۔ منصوبے پر فی کلومیٹر ایک کروڑ روپے کے حساب سے 29 کھرب روپے خرچ ہوں گے۔