قومی دفاع

جنرل راحیل سے ترک چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات‘ دفاعی تعاون بڑھانے پر غور

اسلام آباد:(اے پی پی)ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسکی آکار نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ترکی کی افواج کے باہمی تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ترک چیف آف جنرل سٹاف نے خطے میں سکیورٹی کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پر آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دریں اثناء چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسکی آکار نے جائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی ۔ انکے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھا۔ بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص جیو سٹریٹجک صورتحال اور سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترک چیف آف جنرل سٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیت کو سراہا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا قبل ازیں جائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر ترک مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر ممنون حسین نے ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب میں ترک کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل ہولوسکی آکار کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔ بعد میں ترک مسلح افواج کے سربراہ نے صدر ممنون حسین سے ملاقات کی اور ان سے پاکستان ترکی باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر نے ترکی میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کی وارداتوں پر اظہار افسوس کیا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات برادرانہ اور گہرے تعاون پر مبنی ہیں۔ آن لائن کے مطابق ترک جنرل ہولوسکی کو دونوں ملکوں کی افواج میں تعلقات کے فروغ کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی موجود تھے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ترک کمانڈر کو مبارکباد بھی دی۔