قومی دفاع

جنرل راحیل شریف نے مزید 5دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

راولپنڈی:(اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنر ل راحیل شریف نے ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی میں ملوث مزید 5دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی‘ سانحہ صفورہ‘ سماجی کارکن مس سبین‘صالح مسجد کراچی اور قانون نافذ کرنے والوں پر حملوں پر فوجی عدالتوں نے دہشت گردی کو پھانسی کی سزا سنائی تھی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس آر) کے مطابق جمعرات کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مزید 5خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی ۔آئی ایس پی آر سے جاری تفصیلات کے مطابق طاہر حسین منہاس ولد خادم حسین منہاس ‘سعد عزیز ولد عبدالعزیز شیخ ‘ اسد الرحمان ولد عتیق الرحمان‘ حافظ ناصر ولد افضل احمد اورمحمد اظہر عشرت ولد عشرت رشید احمد کا کالعدم تنظیم القاعدہ سے تعلق تھا ‘یہ دہشت گرد اسماعیلی کمیونٹی کی بس کو صفورہ چورنگی پر حملے‘صالحہ مسجد کراچی ‘سماجی کارکن مس سبین کو قتل کرنے اور قانون نافذ کرنے والوں پر حملوں کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے ۔فوجی عدالت کے سامنے دوران سماعت دہشت گردی کی تمام کارراوئیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ۔ فوجی عدالت نے طاہر حسین منہاس ولد خادم حسین منہاس کو 9الزامات ‘سعد عزیز ولد عبدالعزیز شیخ کو 10الزامات‘ اسد الرحمان ولد عتیق الرحمان کو 3الزامات ‘ حافظ ناصر ولد افضل احمد کو 4الزامات اورمحمد اظہر عشرت ولد عشرت رشید احمد پر 5الزامات ثابت ہونے پر انھیں موت کی سزا سنائی تھی ۔