قومی دفاع

دشمنوں کو مکمل شکست دینے کیلیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، آرمی چیف

دشمنوں کو مکمل شکست دینے کیلیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، آرمی چیف

جہلم (ملت آن لائن)سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمنوں کو مکمل شکست دینے کے لیے ابھی ہمیں بہت کچھ کرنا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم کے قریب آرمی مارکس مین شپ فائرنگ رینج کا دورہ کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے مارکس مین شپ کے شاندار معیار پر نشانے بازوں کی تعریف کی اور کہا کہ نشانہ بازی سپاہی ہونے کی بنیادی مہارت میں سے ایک ہے جب کہ نشانہ بازی میں مہارت قابل فخر کامیابی ہے،

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر وہ دن ہے جسے ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہیے، ہمارے دشمن نے اس دن ہمیں پشاور میں زخم پہنچایا۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ ہم اپنے قومی عزم اور ایمان کے ذریعے دل گرفتہ واقعے سے باہر آئے، اور دشمنوں کو مکمل شکست دینے کے لیے ابھی ہمیں بہت کچھ کرنا ہے۔

قبل ازیں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں اور ان کے خاندان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا اور اے ایس ایس کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول: وہ مائیں جن کی آنکھیں آج بھی نم ہیں

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ شہدائے آرمی پبلک اسکول اور ان کے خاندانوں کی قربانیاں وطن سے لازوال محبت کی عکاس ہیں۔

یاد رہے کہ آج سے ٹھیک تین سال قبل پشاور میں اے پی ایس پر دہشت گردوں نے حملہ کر کے 134 معصوم بچوں کو بے دردی اور سفاکی سے شہید کر دیا تھا۔