قومی دفاع

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں، برطانیہ

اسلام آباد(آئی این پی )برطانیہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں ،پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں طویل المدت تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیزکے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہمنڈ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے ۔ دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں ،پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں طویل المدت تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سچ ہے کہ افغان طالبان پاکستان پرحملے کررہے ہیں ۔افغان مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے کےلیے بھرپورکوشش کررہے ہیں۔توقع ہے کہ پاکستان پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں پیشرفت کرے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہمنڈنے مزید کہا کہ خوش نصیبی ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کا دورہ کررہاہوں ۔شرمین عبیدنے غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر فلم بنائی ہےجسے آسکر ایوارڈ دیا گیا۔پنجاب اسمبلی نے بھی تحفظ خواتین کے لیے بل پاس کیا ہے۔ اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور انسداد دہشت گردی کے معاملات پربات چیت ہوئی ہے۔مختلف شعبوں میں تعاون پربرطانیہ کے شکرگذارہیں۔