قومی دفاع

دیر لوئر‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ فوج اور عوام کی مشترکہ جنگ ہے، کرنل خالد شفیع

دیر لوئر۔( اے پی پی )کمانڈنٹ دیر ٹاسک فورس کرنل خالد شفیع نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ فوج اور عوام کی مشترکہ جنگ ہے ،اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل منڈہ کے دور افتادہ گاؤ ں بدلزو میں پاک آرمی جندول بٹالین کی جانب سے منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کرنل خالد شفیع نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کا ہمت و حوصلہ اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون لائق تحسین اور قابل داد ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی شہریت رکھنے والے پٹھان ، پنجابی ، سندھی اور بلوچ ہم سب ایک ہیں اور ہر شہری ملک و قوم کے نفع و نقصان میں برابر کا شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مشترکہ دشمن کے خلاف لڑنا ہے اس لیے ہر شہری کے فرائض میں شامل ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر ہر وقت نظر رکھے اور کوئی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی میں محسوس ہونے کی صورت میں سیکیورٹی فورسز کو اطلاع دے۔اس موقع پر پاک آرمی جندول بٹالین کے کماندنٹ لیفٹیننٹ کرنل فیصل امین ،ضلعی افسر محکمہ صحت ڈاکٹر محمد رحمن شاہین اور میجر زوار بھی موجود تھے۔