قومی دفاع

رائل ملائیشین نیوی کے چیف کے لیے نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز

رائل ملائیشین نیوی کے چیف کے لیے نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز

اسلام آباد:(ملت آن لائن) رائل ملائیشین نیوی کے چیف نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان کا استقبال کیا۔ رائل ملائیشین نیوی کے چیف کو صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے نشان امتیاز ملٹری کا اعزاز بھی دیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق رائل ملائیشین نیوی کے چیف ایڈمرل تان سری احمد قمر الزماں نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر معزز مہمان نے نیول چیف سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ترجمان کا کہنا ہے کہ رائل ملائیشین نیول چیف نے یادگار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔ ایک اور تقریب میں صدر ممنون حسین کی جانب سے رائل ملائیشین نیول چیف کو نشان امتیاز ملٹری سے بھی نواز گیا۔ تقریب میں سربراہ پاک بحریہ سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق رائل ملائشین نیول چیف کو تعلقات مزید مضبوط بنانے کے اعتراف پر اعزاز دیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی، دہشت گرد سرحد پار سے آرہے ہیں۔ بچی کھچی دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پاک افغان سرحد پر باڑ لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا پر خلوص دوست اور مشکل میں کام آتے ہیں۔ پاکستان کو آسیان کا فل ڈائیلاگ پارٹنر بنانے کے لیے ملائیشیا کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کا مزید کہنا ہے کہ رائل ملائیشین نیول چیف لاہور اور کراچی میں نیول فیلڈ کمانڈز سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔