قومی دفاع

سرتاج عزیزکی جان کیری سےملاقات، اہم امورپرتبادلہ خیال

لاؤس: (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے لاؤس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے آسیان سمٹ کے دوران سائیڈ لائنز ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور افغانیوں کی سربراہی میں افغان مصالحتی عمل کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔ جان کیری نے قبائلی علاقوں سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے اقدامات اور حاصل کامیابیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جان کیری نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مستقبل قریب میں انکے دورہ پاکستان کے دوران پاک امریکہ دوطرفہ تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوگا-