قومی دفاع

سلامتی کونسل میں اصلاحات جمہوری اصولوں کے تحت ہونی چاہئیں:ملیحہ لودھی

نیو یارک (آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات جمہوری اصولوں کے تحت ہونی چاہئیں‘ سلامتی کونسل کی مستقل نشستوں میں اضافے کا جی فور فارمولا خود غرضی پر مبنی ہے‘ سلامتی کونسل میں توسیع کے حوالے سے تمام ممبران کے تحفظات کا ازالہ ہونا چاہئے‘ سلامتی کونسل کو جمہوری ‘ جوابدہ ‘ شفاف اور موثر بنایا جائے۔ وہ گزشتہ روز نیویارک میں بین الحکومتی مباحثے میں خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کی خود مختار برابری کا اصول مساوی مواقع کا تقاضا کرتا ہے اس لئے سلامتی کونسل میں اصلاحات جمہوری اصولوں کے تحت ہونی چاہیے اور سلامتی کونسل میں توسیع کیلئے تمام ممبران کے تحفظات کا ازالہ ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقل نشستوں میں اضافے کا جی 4 فارمولا خود غرضی پرمبنی ہے جس سے دیگر ممالک کے حقوق سلب ہوتے ہیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ سلامتی کونسل کوزیادہ نمائندہ، جمہوری، جوابدہ، شفاف اورموثربنایا جائے جب کہ نمائندگی کا تصوراحتساب کے بغیرکھوکھلا ہوگا، محدود مدت کے لئے انتخاب کے ذریعے اضافی نشستیں ہی مساوی مواقع فراہم کریں گی اور متواترانتخابات ہی نمائندوں کو قابل احتساب بنانے کا واحد راستہ ہے۔ سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے حصول کے لئے بھارت کی منطق عجیب ہے۔ سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت میں توسیع کی تجویز درست نہیں۔ (ن غ)