قومی دفاع

ملکی دفاع کو مستحکم کرنے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا، آرمی چیف

ٹیکسلا(ملت آن لائن) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ملک کے دفاع کو مستحکم کرنے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دفاعی ساز و سامان کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ دفاعی صنعت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تعاون جاری رہے گا اور ملکی دفاع کو مستحکم کرنے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

معروف اور معتبر برطانوی ڈیفنس تھنک ٹینک کی حالیہ رپورٹ میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے اقدامات کی تعریف کی گئی ہے۔

رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق خلیج اور افغانستان میں استحکام لانے کے لیے پاک فوج ایک تبدیل شدہ دفاعی سفارتی اقدام کے تحت حریفوں اور حلیفوں کے الزامات اور ان کی غلط فہمیوں کا ازالہ کر رہی ہے۔

برطانیہ میں رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ (آر ایو ایس آئی) نے گزشتہ روز اپنی ویب سائٹ پر ایک رپورٹ شائع کی ہے۔

رپورٹ میں پاکستان کے موجودہ چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل قمر باجوہ کے کئی اقدامات کو سراہا گیا ہے جن کے عہدے کو تاریخی طور پر ملک کے سٹریٹجک ایجنڈے کو مرتب کرنے والوں میں سے ایک کی حیثیت سے دیکھا جاتا ہے۔

آر یو ایس آئی کے پاکستان وزیٹنگ فیلو کمال عالم نے آر یو ایس آئی کی جانب سے شائع ایک تجزیے میں کہا ہے کہ جنرل باجوہ نے بڑے عوامی اجتماعات میں شرکت سے گریز کرتے ہوئے اپنی توجہ دفاعی ڈپلومیسی کو فروغ دینے پر مرکوز کر رکھی ہے۔