قومی دفاع

نئی دلی میں پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات، مسئلہ کشمیر سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال

نئی دلی:(اے پی پی) سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کے اجلاس کے دوران بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران پاک بھارت سیکریٹری خارجہ ملاقات ہوئی، اس موقع پر بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اور تصفیہ طلب معاملات کے لئے جامع مذاکراتی عمل کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ بھارتی ہم منصب سے ہونے والی اس ملاقات نے باہمی امور پر تبادلہ خیال کے لیے بہت اہم موقع فراہم کیا۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر سب سے اہم معاملے کی حیثیت سے زیر بحث آیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام صرف اور صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔نئی دلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اپنے پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، یہ ہی وزیراعظم نوازشریف کاعزم ہے، بھارتی سیکریٹری خارجہ سے ملاقات کے دوران کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر گفتگو ہوئی، اعزاز چوہدری نے کشمیر کے مسئلے کے فوری حل پر زور دیا۔دوسری جانب بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اس ملاقات کو انتہائی اہم قرار دیا۔دونوں ممالک کے سیکریٹری خارجہ کی ملاقات جنوری میں طے تھی لیکن پٹھان کوٹ واقعے کے باعث اس ملاقات کو منسوک کردیا گیا تھا۔