قومی دفاع

نیشنل ایکشن پلان سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی:وزارت داخلہ

اسلام آباد:(اے پی پی) وزارت داخلہ کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان سے ملک میں آج امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، اس پروگرام کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں، نیکٹا کا سالانہ بجٹ بڑھا کر سوا ارب روپے تک کر دیا گیا ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران عائشہ سید کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت بلیغ الرحمان نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان ہمارا قومی پروگرام ہے جس کو ہر ایک ملکیت دیتاہے۔ اس سے آج ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ اس میں 28 وزارتوں اور صوبوں کا کردار ہے اس کے لئے فنڈز کی کمی کی بات درست نہیں، نیکٹا اس کی نگرانی کررہی ہے ، 2015-16ء میں نیکٹا کو 1210 ملین فنڈز دئیے گئے ۔ فنڈز کی کمی نہیں، نیشنل ایکشن پلان حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے نتائج آج پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت نفرت انگیز تقریر و انتہاء پسندانہ مواد کی روک تھام ممنوعہ تنظیموں، افراد کے دوبارہ منظر عام پر آنے سے روکنا، مدارس کا اندراج و انضباط، دہشت گردوں کے کمیونیکیشن نیٹ ورک کو تباہ کرنا اور دہشت گردی کو میڈیا میں بڑھا چڑھا کر پیش کرنے پر پابندی اس کے نمایاں نکات ہیں۔