قومی دفاع

نیشنل ایکشن پلان پر پاکستان سنجیدہ اور ضرب عضب کامیاب ہیں، کیری

نیویارک:(اے پی پی )امریکی وزیرخارجہ جان کیری نےنیشنل ایکشن پلان پر پاکستان کی سنجیدگی اور ضرب عضب کی کامیابی کااعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی کوششوں سے پاکستان کا پاور سیکٹر مضبوط ہورہا ہے۔مشیر خارجہ سرتاج عزیزنےزوردیا ہے کہ امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی اور اپنی منڈی تک رسائی یقینی بنائے۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ خطے میں سیکیورٹی صورت حال کی بہتری اور انتہا پسندی اور تشدد کو فروغ دینے والوں کو شکست دینے کے لیے مسلسل اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں امریکا افغانستان کے ساتھ مفاہمتی عمل کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی مدد کو سراہتا ہے۔وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کی سرحد کے ساتھ مشترکہ تعاون نہایت ضروری ہے۔ ہم آپریشن ضرب عضب اور شمالی وزیر ستان میں پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی غیر معمولی کوششوں اور قربانیوں کو سراہتے ہیں۔ ادھر سرتاج عزیز نے کہا کہ ہم سیکرٹری کیری کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کانگریس میں سماعت کے دوران پاکستان کی حمایت کی جو انہوں نے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے معاملے پر کی اور یہ کہا کہ پاکستان یہ طیارے خطے میں دہشت گردی کے خلاف موثر طریقے سے استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکستان کو ایف سولہ طیاروں کی ممکنہ فروخت سے پاکستان کی استعداد بڑھے گی کہ وہ اہم آپریشن کو کامیابی سے جاری رکھے جو ہمارے مشترکہ مفاد اور خطے کی سیکیورٹی کے لیے لازمی ہے۔