قومی دفاع

پاکستان اوربھارت سیزفائرکی خلاف ورزی نہ کرنےپرمتفق

لاہور:(اے پی پی) پاکستان رینجرز پنجاب اور بھارتی سیکیورٹی فورس کے درمیان آئندہ سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ بھارتی سیکیورٹی فورس کا 14 رکنی وفد 2 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہے جب کہ لاہور میں ہونے والے اجلاس میں بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل شری کرشن کمار شرما نے بھارت اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حرکت پر بات کی گئی جب کہ اجلاس میں بارڈرکے دونوں جانب مارے جانے والے اسمگلروں کی تعداد اور تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر سرحدی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا جس کے بعد اتفاق کیا گیا کہ آئندہ سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے ایک دوسرے سے رابطے بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران بی ایس ایف کی جانب سے پٹھان کوٹ واقعے کو ایجنڈے کا حصہ بنانے کی تجویز پیش کی گئی جسے ڈی جی رینجرز پنجاب نے مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پٹھان کورٹ حملہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے اور پاکستان واقعے کی تحقیقات کے لئے اپنی ٹیم بھارت بھیج کر تعاون کا عملی مظاہرہ کرچکا ہے جب کہ پٹھان کوٹ واقعہ کا بارڈر معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔