قومی دفاع

پاکستان اور بھارت قابل احترام شراکت دارہیں،امریکا

نیویارک/نئی دہلی (آئی این پی)امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت امریکا کے دوست اور شراکت دار ہیں ہماری نظر میں دونوں ملکوں میں کوئی تفریق نہیں ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے بھارت کے 3روزہ دورے کے دوران کونسل آف فارن ریلیشنز میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے پاس تمام مسائل کے حوالے سے بھارت کے لیے ایک مکمل عالمی ایجنڈا’موجود ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات دہشت گردی اور افغانستان کے مسائل سے متعلق ہیں۔انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکی پالیسی کے نقطہ نظر سے پہلی اہم چیز یہ ہے کہ یہ دونوں (پاکستان اوربھارت )قابل احترام شراکت دار اور دوست ہیں، دونوں کے حالات نہایت مختلف ہیں وہ دن گئے جب ہم بھارت کو پاکستانی سکے کے دوسرے رخ یا پاکستان کو بھارتی سکے کے دوسرے رخ کے طور پر دیکھا کرتے تھے۔انھوں نے کہاکہ میں جانتا ہوں کہ ابھی بھی بھارت اور پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو یہ سوچ رکھتے ہیں لیکن امریکا کافی عرصہ قبل اس سوچ کو پیچھے چھوڑ چکا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا ایک اہم سیکیورٹی پارٹنر ہے، ہمارے بہت سے مسائل ہیں جن میں سے ایک انسداد دہشت گردی ہے اور ہم اس حوالے سے پاکستانیوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔اس سے قبل امریکی وزیرِ دفاع ایش کارٹر تین روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے جہاں وہ بھارتی حکام کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون اور اسلحے کی تجارت سے متعلق امور پر مذاکرات کریں گے۔کارٹر بھارت کے ساحلی سیاحتی مقام گوا پہنچے جو بھارتی وزیرِ دفاع منوہر پاریکر کی آبائی ریاست بھی ہے۔گوا پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ دفاعی ٹیکنالوجی سے متعلق منصوبوں اور مشترکہ فوجی مشقوں کیعلاوہ کئی اہم امور پر گفتگو کریں گے۔