قومی دفاع

پاکستان اور رومانیہ کا دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پراتفاق

راولپنڈی:(اے پی پی) پاکستان اور رومانیہ نے دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق ظاہرکیاہے جبکہ پاکستان نے رومانیہ کے پوما ہیلی کاپٹر میں دلچسبی کا اظہار کیا ہے ۔اس سلسلے میں وفاقی وزیر دفاعی پیدوار رانا تنویر حسین نے رومانیہ کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر دفاعی پیدوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کا اشتراک خطے میں ہتھیاروں کی ڈور میں شامل ہونا نہیں بلکہ دونوں ممالک کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہے ۔ رانا تنویر حسین نے رومانیہ کے پوما ہیلی کاپٹروں میں دلچسپی کا اظہار کیا ‘ پاکستان آرمی ان ہیلی کاپٹروں کو 1987سے 1988کے دوران خوراک اور آلات کی ترسیل کے لیے استعمال کرچکی ہے ۔ایس اے 330ہیلی کاپٹر جدید ٹیکنالوجی سے مزین ہیں جو کہ سازو سامان کی نقل و حرکت اور سیاچن میں مال برداری کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔رومانیہ کے اعلی سطحی وفد نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کینٹ ‘ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا بھی دورہ کیا اور دفاعی شعبہ میں تعاون کے شعبہ جات کی نشاندہی کی ۔رومانیہ کے اعلی سطحی وفد نے پاکستان کی تیار کردہ آبدوزوں کی خریداری کے لیے پاکستان کو قائل کر نے کو شش کی ۔ واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے‘ تربیت ‘ درآمدات وبرآمدات، دفاعی آلات اور دیگر امور کے حوالے سے 2013میں معاہدے پر دستخط ہوئے تھے ۔