قومی دفاع

پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھیں گے :باراک اوبامہ

اسلام آباد:(اے پی پی)وزیر اعظم نواز شریف کو امریکی صدر باراک اوباما نے ٹیلی فون کر کے سانحہ لاہور پر اظہار افسوس کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔ وزیر اعظم نواز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں امریکی صدر باراک اوباما نے سانحہ لاہور پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں امریکا پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے جب کہ مشکل وقت میں نواز شریف کا امریکا کے بجائے ملک میں رہنا قابل تحسین ہے ۔ امریکی صدر نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دشمن معصوم شہریوں اور آسان اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کا مکمل یقین ہے ۔ امریکی صدر کا کہنا تھا پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہرممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔ باراک اوباما نے کہا کہ نوازشریف سے ملاقات کا شدت سے منتظر ہوں جو جلد ہی ہوگی ۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا چھپے ہوئے دشمن اپنے ڈھانچے تباہ ہونے کے بعد معصوم عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔