قومی دفاع

پاکستان نےمقبوضہ کشمیرکوبھارت کا اٹوٹ انگ قراردینےکا دعویٰ مستردکردیا

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کا بھارت کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دینے کا دعویٰ مسترد کرتےہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ ریاست ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے اٹوٹ انگ قرار دیے جانے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ ریاست ہے لیکن بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حق خود ارادیت کو سلب کر رکھا ہے جس کا وعدہ اس کے بانی رہنماؤں نے کیا تھا۔ ترجمان نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ انسانی حقوق، انسانیت کے تحفظ کے لیے قوانین اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔