قومی دفاع

پاکستان کا جوہری پروگرام محفوظ اور خطے میں استحکام کیلئے ہے، سیکرٹری خارجہ

واشنگٹن:(اے پی پی) پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا جوہری پروگرام مکمل طور پر محفوظ اور خطے میں استحکام کے لئے ہے۔ واشنگٹن میں ایٹمی سلامتی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اعزاز احمدچوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام قومی دفاع اور کم سے کم ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لئے ہے اور اس کا مقصد خطے میں استحکام کو محفوظ بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں جوہری مواد اور جوہری پلانٹس میں کئی حادثات اور واقعات رونما ہوئے لیکن پاکستان میں ایسا کچھ نہیں ہوا، پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے اور اسے کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہے، جوہری تنصیبات کی حفاظت پاکستان کی قومی ذمہ داری ہے اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی اس حوالے سے انتظامات کا جائزہ لے کر اقدامات اٹھاتی رہتی ہے۔ اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے اپنے ایٹمی مواد اور جوہری تنصیبات کے تحفظ اور سلامتی کے لئے کئے گئے اقدامات کا اعتراف امریکا اور ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے بھی کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف ایٹمی سلامتی کی کانفرنس میں شرکت نہیں کر رہے لیکن ان کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی قیادت میں وفد پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کرے گا۔