قومی دفاع

پاکستان کو ایف16کی فنڈنگ روکنے پرتحفظات ہیں:رچرڈ

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے امریکہ پر واضح کیا ہے کہ پاکستان کو ایف16کی فنڈنگ روکنے کی امریکی پالیسی پر تحفظات ہیں اس کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تمام معاملات بات چیت کے ذریعے طے کئے جائیں‘پاکستان امریکہ سے اپنے ہمہ جہتی تعلقات میں مزید وسعت چاہتا ہے مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان کے نقطہء نظر اور اسکی خودمختاری کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے‘مستحکم اور پر امن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے‘افغان مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔وہ جمعرا ت کو یہاں امریکہ کے خصوصی مندوب برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ اولسن اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے ۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، خطے کی مجموعی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مستحکم اور پر امن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں ۔ پاکستان کو ایف16کی فنڈنگ روکنے کی امریکی پالیسی پر تحفظات ہیں اس کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تمام معاملات بات چیت کے ذریعے طے کئے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امریکہ سے اپنے ہمہ جہتی تعلقات میں مزید وسعت چاہتا ہے مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان کے نقطہء نظر اور اسکی خودمختاری کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔ اس موقع پر رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں دیرپا امن کے قیام کے لئے پاکستان کے کردار اور کوششوں کی قدر کرتا ہے ۔ اولسن نے کہا کہ کچھ مسائل اور مشکلات کے باوجود امریکی حکومت پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور اسے مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امن کی خاطر مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔