قومی دفاع

پاک بھارت جنگ کا امکان نہیں لیکن جوہری پروگرام جاری رکھیں گے، نیشنل کمانڈ اتھارٹی

اسلام ااباد:(اے پی پی) نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل رٹائرڈ خالد قدوائی نے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ دونوںممالک کے پاس جوہری ہتھیارموجود ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹڈیزمیں جوہری سیکیورٹی کیلیے پاکستان کاکردارکے موضوع پرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاکستان کادشمن صرف بھارت ہے اورہماراجوہری پروگرام بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہے، جوہری ہتھیاروںکی موجودگی کے باعث دونوںممالک کے درمیان جنگ کاامکان بہت کم ہے، جنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودتنازعات کوحل کرنے کا آپشن نہیں لہٰذا سفارتی اورسیاسی حکمت عملی کوترجیح دی جانی چاہیے۔ انھوں نے ہاورڈکینیڈی اسکول کی حالیہ رپورٹ کوبے بنیادقراردیااور واضح کیاکہ کوئی بھی پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کوچوری نہیں کرسکتا۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیرنے کہاکہ پاکستان نے اپنے جوہری ہتھیاروں کے تحفظ کیلیے مضبوط کمانڈاینڈ کنٹرول سسٹم تشکیل دیاہے، پاکستان اپنے میزائل اور جوہری پروگرام پرمعذرت خواہ نہیں اوراسے کسی صورت ختم نہیں کیاجائے گا، ملکی دفاع کے لیے جوہری پروگرام کوجاری رکھاجائے گا۔ بھارت کے نیوکلیئرسپلائرزگروپ (این ایس جی) تک رسائی پرشدیدتحفظات کااظہارکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاکستان کے دوست این ایس جی میں موجود ہیں اوراپنے اسٹرٹیجک مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتی سطح پرتمام اقدام کیے جائیں گے۔