قومی دفاع

پاک فوج کے زیر انتظام 500 اہلکاروں کی انسداد دہشت گردی کی تربیت ،مجموعی تعداد 2300 ہوگئی

راولپنڈی (آئی این پی)پاک فوج کے زیر انتظام 500 اہلکاروں نے انسداد دہشت گردی کی تربیت حاصل کی،اس میں فضائیہ، رینجرز، نیوی، ایف سی، اے این ایف کے اہلکار شامل ہیں، اب تک 2300 اہلکاروں کو تربیت دی جا چکی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعہ کو پاک فوج کے زیر انتظام 500 اہلکاروں نے انسداد دہشت گردی کی تربیت حاصل کی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں کو انسداد دہشت گردی کی تربیت دی گئی،ان میں فضائیہ، رینجرز، نیوی، ایف سی، اے این ایف کے اہلکار شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کے زیر انتظام تربیت حاصل کرنے والوں کا یہ پانچواں بیج ہے، اب تک 2300 اہلکاروں کو تربیت دی جا چکی ہے۔ اس موقع پر کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے اختتامی تقریب میں شرکت کی اور کورس کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹریننگ کے معیار کو سراہا اور ٹریننگ میں حصہ لینے والے شرکاء کو مبارکباد دی۔ (ن غ))