قومی دفاع

پاک فوج کے 11 اعلیٰ افسران کرپشن کے الزام میں ملازمت سے برطرف

راولپنڈی:(آئی این پی )حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل سمیت پاک فوج کے 11 اعلیٰ افسران کرپشن کے الزام میں برطرف کردیئے گئے ہیں۔ پاک فوج کے 11 اعلیٰ افسران کو کرپشن کے الزامات پر برطرف کردیا گیا ہے ، یہ برطرفیاں پاک فوج کی داخلی تحقیقات کی روشنی میں عمل میں کی گئی ہیں۔ برطرف کئے گئے افسران میں لیفٹیننٹ جنرل عبیداللہ خٹک اور میجرجنرل اعجاز شاہد کے علاوہ 5 بریگیڈیئرز، 3کرنل اور ایک میجر شامل ہیں۔ برطرف کئے گئے افسران میں بریگیڈیئر حیدر، بریگیڈیئر اسد، بریگیڈیئر سیف اللہ ، بریگیڈیئرعامر، بریگیڈیئرعامر،کرنل حیدر اور میجر نجیب کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ یہ تمام افسران فرنٹیئرکانسٹیبلری میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ لیفٹینننٹ جنرل عبیداللہ خان خٹک بلوچستان میں آئی جی فرنٹیئر کور (ایف سی) کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔ 2 روز قبل پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملک میں ہر سطح پر احتساب لازمی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی سالمیت خود مختاری اور استحکام کے لئے بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے،کرپشن کے خاتمے تک دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں ہے،قوم کے تعاون سے دہشتگردی اور کرپشن کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔