قومی دفاع

پشاور ایئر بیس پر یوم دفاع کی خصوصی تقریب کا انعقاد،پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، بیس کمانڈر قیصر جنجوعہ کا تقریب سے خطاب

پشاور۔(ملت آن لائن)یوم دفاع کی مناسبت سے پی اے ایف بیس پشاور میں بھی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان تھے جبکہ تقریب میں ائیر وائس مارشل سرفراز خان اور بیس کماندڑ پشاور ائیر کموڈور محمد قیصر جنجوعہ سمیت پاک فضائیہ اور پاک فوج کے افسران ،اہلکاروں اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیس کمانڈر پشاور محمد قیصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک فضائیہ سمیت مسلح افراج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، انھوں نے کہا کہ چھ ستمبر کا دن پاکستان کیلئے جان کے نذرانے پیش کرنے والے شہیدوں اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے قربانیاں دینے والے غازیوں کی یاد تازہ کرنے کا موقع ہے ۔ انھوں نے کہا کہ1965ء کی جنگ میں پاک فضائیہ نے دفاع وطن کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی ، اس جنگ میں پشاور ائیر بیس کو مرکزی حیثیت حاصل رہی اور یہاں سے پٹھان کوٹ تک کے علاقے کی فضائی حفاظت کی گئی ، انھوں نے کہا عددی اعتبار سے دشمن ہم سے چار گنا بڑا ہے تاہم وہ معیار اور کارکردگی کے میدان میں پاکستان کی مسلح افواج کے مقابلے میں بہت پیچھے ہے،انھوں نے کہا پاکستان کی مسلح افواج کے شیر جوان کسی بھی خطرے سے ٹکرانے اور اسے شکست سے دوچار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔تقریب کے دوران پاک فضائی کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور ائیر بیس میں ایک نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں جے ایف تھنڈر، ایف 16، مشاق اور ایف 7تربیتی اور سامان حرب نمائش کیلئے پیش کئے گئے ہیں ‘ وزیر اعلیٰ نے نمائش کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور پاک فضائیہ کے طیاروں کے کاک پٹس میں بیٹھ کر ان طیاروں کے بارے میں آگاہی حاصل کی ، ائیر وائس مارشل سرفراز خان نے وزیر اعلیٰ کو طیاروں اور دیگر سامان حرب کے حوالے سے بریفنگ دی ، نمائش کو عام شہریوں کیلئے کھولی گئی ہے ،جس میں شہری گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں ۔