قومی دفاع

پوری دنیا دہشت گردی کے خاتمے میں ہمارے کردار کی تعریف کر رہی ہے: جنرل راحیل شریف

راولپنڈی(ملت + آئی این پی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشتگردی کو شکست دینے پر پاک فوج اور بہادر قبائل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خاتمے میں ہمارے کردار کی تعریف کر رہی ہے‘ دنیا انسداد دہشت گردی میں ہمارے تجربے سے سیکھنا چاہتی ہے ‘ علاقے کی تعمیر نو اور بحالی تک پاک فوج مقامی لوگوں سے تعاون جاری رکھے گی۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیر ستان کا دورہ کیا اور سپین کئی میں کیڈٹ کالج کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان کے عمائدین اور کیڈٹس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ اور پر عزم نوجوان ہی ملک کا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں۔ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپین کئی کیڈٹ کالج فاٹا میں معیاری تعلیمی اداروں کی تعمیر کا تسلسل ہے۔ یہ اقدام مقامی نوجوانوں کو پیشہ وارانہ کالجوں میں جانے میں معاون ہو گا۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کو شکست دینے میں پاک فوج اور بہادر قبائل کی تعریف کی اور کہا کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خاتمے میں ہمارے کردار کی معترف ہے۔ دنیا انسداد دہشت گردی میں ہمارے تجربات سے سیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی تعمیر نو اور بحالی تک پاک فوج مقامی لوگوں سے تعاون جاری رکھے گی۔ آرمی چیف نے کیڈٹ کالج کیلئے زمین کی فراہمی پر مقامی قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا او ر کہا کہ منصوبے کیلئے مالی معاونت پر متحدہ عرب امارات کے بھی شکر گزار ہیں۔