قومی دفاع

پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات سے منسلک این آئی اے کے مقتول افسر تنزیل احمد کی بیوی دم توڑگئی

نئی دہلی(آئی این پی )پٹھانکو ٹ حملے کی تحقیقات سے منسلک بھارتی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) کے مقتول مسلمان افسر تنزیل احمد کی بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔بھارتی میڈیا کے مطابققومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) کے مقتول مسلمان افسر تنزیل احمد کی بیوی فرزانہ نئی دہلی کے ٹراما سینٹر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی ۔ریاست اتر پردیش کے علاقے بجنور میں 2 اپریل کو رات گئے قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) کے مسلمان افسرتنزیل احمدپر اس وقت حملہ کیا گیا تھا جب وہ اپنی بھتیجی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد گھر لوٹ رہے تھے کہ راستے میں 2موٹرسائیکل سواروں نے انکی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تنزیل احمد موقع پر ہلا ک ہوگئے جبکہ انکی اہلیہ فرزانہ شدید زخمی ہوگئیں تھیں جنھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بدھ کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ اس سے پہلے تنزیل احمد کے بھائی نے کہا تھا کہ اتر پردیش میں کوئی بھی ہسپتال فرزانہ کوداخل کرنے پر تیار نہیں تھا جس کے بعد انہیں دہلی منتقل کیا گیا تھا ۔گزشتہ روز تنزیل احمد کے قتل کے الزام میں ان کے دو رشتے دار کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس قتل کیس کا کلیدی ملزم منیر اب بھی پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔