قومی دفاع

کوئٹہ حملے کا مقصد مذہبی تقسیم کوہوا دینا ہے، آرمی چیف

کوئٹہ حملے کا مقصد مذہبی تقسیم کوہوا دینا ہے، آرمی چیف

راولپنڈی(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ حملے کا مقصد مذہبی تقسیم کو ہوا دینا ہے جب کہ ایسے گھناؤنے حملوں کا ثابت قدمی سے مقابلہ کریں گے۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کوئٹہ میں چرچ پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ حملے میں مسیحی بھائیوں کونشانہ بنایا گیا، جس کا مقصد مذہبی تقسیم کوہوا دینا اور تفرقہ ڈالنا ہے جب کہ حملے کا مقصد کرسمس کا جشن پھیکا کرنے کی بھی کوشش ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی قابل تعریف ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف متحد اورثابت قدم ہیں اور ایسے گھناؤنے حملوں کا ثابت قدمی سے مقابلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے زرغون روڈ پر واقع چرچ پر خودکش حملے میں 8 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کوئٹہ چرچ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، صدر مملکت نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

صدر ممنون حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارےعزم کو کمزور نہیں کرسکتیں اور انہیں منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ حملے پر بیان میں کہا کہ دہشت گردوں نے چرچ پر حملہ کر کے مسیحی بھائیوں کو نشانہ بنایا جب کہ یہ حملہ کرسمس کی خوشیاں مانند کرنے کی کوشش تھا۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ کوئٹہ چرچ پر حملہ قوم میں تفرقہ ڈالنے کی کوش ہے، ایسے گھناؤنے اقدام کا جواب دینے کے لئے ہم متحد اور ثابت قدم ہیں۔

سربراہ پاک فوج نے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر اور بروقت کارروائی قابل ستائش ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کوئٹہ میں چرچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ بزدلانہ تھا، مشکل کی اس گھڑی میں ہم بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کوئٹہ چرچ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو دعائیہ تقریب کے دوران نشانہ بنایا گیا، حکومت چرچوں اور کرسمس تقریبات کی حفاظت یقینی بنائے۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ان کی دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعاگو ہوں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ چرچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے مذہب اور عقیدے پر یقین نہیں رکھتے۔