قومی دفاع

کورکمانڈر راولپنڈی کا گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقوں کادورہ

راولپنڈی:(اے پی پی) کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال نے حالیہ بارشوں اور لینڈسلائڈنگ سے متاثرہ گلگت بلتستان کے علاقوں کادورہ کیا اور پاک فوج کی جانب سے متاثرین کے لیے کھانے پینے کی اشیاء وزیراعلی کے سپرد کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرراولپنڈی لیفٹنٹ جنرل ملک ظفر اقبال نے پاک فوج کی جانب سے امدادی اشیاء کے پانچ ٹرک وزیراعلی گلگت بلتستان کے حوالے کیے۔ دریں اثناء گلگت میں حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونیو الے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطح کا اجلاس بھی ہوا جس میں گورنرگلت بلتستان، وزیراعلی گلگت بلتستان، کور کمانڈر، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں غذائی قلت، اہم شاہراوں بشمول قراقرم ہائی وے کا رابطہ منقطع ہوجانے کے معاملے کا جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ کورکمانڈر راولپنڈی نے وزیراعلی گلگت بلتستان کو پاک فوج کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاک فوج ضرورت کی اس گھڑی میں گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہے۔