قومی دفاع

کور کمانڈرز کانفرنس: الیکشن کمیشن کی معاونت پر آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر کو سراہا گیا

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں الیکشن کمیشن کی معاونت پرآرمی الیکشن سپورٹ سینٹرکوسراہا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں خطے، ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں الیکشن کمیشن کی مدد پر آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر اور فیلڈ فارمیشنز کو سراہا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انتخابی عمل کے دوران شہید و زخمی ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انتخابی عمل میں شرکت اور مسلح افواج کی سپورٹ پر پاکستان کی بہادرعوام کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کانفرنس میں افغانستان کے ساتھ فوجی تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔