قومی دفاع

ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے،آج کا دن پاکستان کے جانبازوں اورجان نثاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور۔06 ستمبر(اے پی پی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں فتح حاصل کر کے دنیا بھر میں اپنی بہادری کا لوہا منوایا، اس جنگ میں ہمارے شہیدوں اور غازیوں نے جرات و بہادری کی جو داستانیں رقم کیں وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی،وزیر اعلیٰ پشاور ائیر بیس پر یوم دفاع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بہ حیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں ہماری کامیابی ہماری مسلح افواج کے شیرجوانوں اور قوم کے غیر متزلزل ارادوں ، پختہ عزم ، نڈر قیادت اور سب سے بڑھ کر جذبہ ایمانی کا نتیجہ تھی،یہ خصوصیات آج بھی برقرار ہیں یہی وجہ ہے کہ دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں افواج پاکستان کے اُن ہیروز کی بہادری سے سبق حاصل کرنا ہو گاجنھوں نے قومی سالمیت کو درپیش خطرات کا نہ صرف جواں مردی سے مقابلہ کیابلکہ اپنے خون سے حب الوطنی کی مثالیں رقم کیں ، انھوں نے کہا کہ مسلح افواج کی کامیابیاں ثابت کرتی ہیں کہ ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے‘ انھوں نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شاہینوں نے وطن کی ہر پکار پر لبیک کہا ا ورچاہے پاک بھارت جنگ تھی یا دہشت گردی کے خلاف جنگ ، انھوں نے ہر موقعے پر دفاع وطن کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی، انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے ان تما م جانبازوں اورجان نثاروں کو یاد کرنے اور انھیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو وطن عزیز کے دفاع اور سلا متی کا فرض نبھاتے رہے ہیں ، ان میں وہ بھی ہیں جنھوں نے اس راہ میں اپنی جانیں قربان کیں اور وہ بھی جو غازی رہے ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں بہ حیثیت قوم اپنے بہادر وں کے کارہائے نمایاں پر فخر ہے اور وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔