قومی دفاع

بھارت نےمذاکرات کی دعوت قبول کرکےانکارکردیا، سیکریٹری خارجہ

اسلام آباد:(اے پی پی) بھارت نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرلی ہے جس کی تصدیق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھی کردی ہے۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ بھارتی ہم منصب نے مذاکرات کی دعوت قبول کرکے انکار کردیا لیکن ہم چاہیں گے کہ بھارت آئے اورمذاکرات کرے جس سے امن کی راہیں کھلیں اور دونوں ممالک کے معاشی حالات بہتر ہوں۔ سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکا پرامن اورمنصفانہ حل چاہتا ہے اور یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے، ہمیں کشمیریوں کی حمایت سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، پاکستان کی کشمیریوں سے انسیت اور وابستگی پرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ شکار ہوا اور اس کا اصلی چہرہ دنیا کو دکھایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ خارجہ تعلقات کی نوعیت صرف بیان بازی تک محدود نہیں رہی بلکہ سفارتکاری کے معنی بدل رہے ہیں جب کہ اب ثقافتی ڈپلومیسی اہمیت اختیار کرگئی ہے اور ہم ثقافتی سفارت کاری پرکام کررہے ہیں۔