قومی دفاع

چین پاکستان کو 8 آب دوزیں دے گا، سربراہ پاک بحریہ

اسلام آباد:(اے پی پی) پاک بحریہ سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کو آگاہ کیا ہے کہ چین پاکستان کو 8 آب دوزیں مہیا کرے گا جن میں سے 4 سب میرین چین میں اور 4 پاکستان میں تیار ہوں گی۔ کمیٹی نے پاک نیوی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، جمعے کو قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی دفاع کے وفد نے چیئرمین شیخ روہیل اصغر کی سربراہی میں نیول ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمیٹی کے اراکین کو خطے میں موجودہ سیکیورٹی چیلنجز اور پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کے تحفظ اور قومی تعمیر میں پاک بحریہ کے کردار پر بریفنگ دی گئی ، کمیٹی کو سی پیک اورگوادر بندر گاہ کی ترقی کے تناظر میں پاکستان نیوی کے ترقیاتی اور اسٹرٹیجک منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کمیٹی نے سی پیک اورگوادر بندرگاہ کے ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے پاکستان نیوی کی اضافی ذمے داریوں کا اعتراف کیا ہے، قومی اسمبلی سے جاری بیان کے مطابق نیول چیف نے کمیٹی کا نیول ہیڈ کوارٹر آمد پر استقبال کیا، چیف ڈائریکٹر سب میرین نے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی جو 4 سب میرین چین میں بنائی جائیں گی اور پاکستان نیوی کو 2022-23 میں حوالے کی جائیں گی جبکہ باقی 4 پاکستان میں کراچی شپ یارڈ میں 2028 تک تیار کی جائیں گی۔