منتخب کردہ کالم

اللہ شہباز شریف سلامت رہیں…اسداللہ غالب

اللہ شہباز شریف سلامت رہیں…کالم اسداللہ غالب

اے خاصہ خاصان رسل وقت دعا ہے۔

عجب وقت آیا ہے کہ مجھے اب دعایئہ کالم لکھنے پڑ رہے ہیں۔
اس وقت جب میں یہ سطور لکھ رہا ہوں، ہزاروںمیل دور سویڈن کے دارلحکومت اسٹاک ہوم کے ایک ہسپتال میں فرشتہ صفت ڈاکٹر امجد ثاقب آپریشن ٹیبل پر ہیں، ان کے لئے دعا کیجئے کہ آپریشن سو فیصد کامیاب ہو اور وہ جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں اور اپنے ان منصوبوں کو مکمل کریں جو وطن میں جہالت کے اندھیروں کو دور کر نے کے لئے انہوںنے شروع کر رکھے ہیں۔
آج کی ایک دعا شہباز شریف کے لئے بھی ہے، وہ خادم اعلی کہلوانے میں فخر محسوس کرتے ہیں، انہوں نے صوبے کے عوام کی خدمت میں اگلے پچھلے سارے ریکارڈ مات کر دیئے ہیں ، ایک بارا نہوںنے میڈیا ٹاک میں کہا تھا کہ شہباز شریف کا مقابلہ شہباز شریف سے ہے، ایک دور شہباز شریف کو پہلے ملا، وہ ادھورا دور تھا، اب ایک ٹرم انہیں مکمل ملی اور انہوںنے پنجاب کی شکل ہی بدل دی، اسے لٹل یورپ بنا دیا، وہ تیسری ٹرم گزار رہے ہیں اور اس مرتبہ انہوںنے یہ معجزہ کر دکھایا ہے کہ پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ کے عذاب کو ختم کرنے کے لئے فول پروف منصوبہ بندی کی ہے اور کمپیوٹر کی اسپیڈ سے یہ تمام منصوبے مکمل ہوا چاہتے ہیں۔یہ کام ان کے اس نعرے کا عکاس ہے کہ بدلا ہے پنجاب ، بدلیں گے پاکستان۔ اب پاکستان نکھر رہا ہے، پہلے فوجی آمروں کے دور میںبکھر رہا تھا۔
مجھے یہ سن کر شدید دکھ ہوا، دلی تکلیف پہنچی کہ ارفع کریم ٹاور کا دھماکہ در اصل شہباز شریف کو ٹارگٹ کرنے کے لئے تھا اور ابھی دہشت گردوں کے منصوبے ختم نہیں ہوئے ، وہ مسلسل اس کوشش میں ہیں کہ شہباز شریف کو نشانہ بنا لیں۔
شہباز شریف کو کون نشانہ بنانا چاہتا ہے، وہی جو ترقی اور خوشحالی کا دشمن ہے، جو ملکی استحکام کا دشمن ہے، جو تعلیم کا دشمن ہے، جو بجلی کے منصوبوں کا دشمن ہے، جو میڑوز اور اورنج لائنز کا دشمن ہے۔ جو آشیانہ اسکیموں کا دشمن ہے، جو لیپ ٹاپ کا دشمن ہے، جو دانش اسکولوں کا دشمن ہے اور مختصر لفظوں میںبات کی جائے تو سمجھ لیں کہ شہباز شریف کا دشمن وہ ہے جو پاکستان کا دشمن ہے۔
شہباز شریف کے لئے خطرے کی گھنٹی کی آواز میںنے ایک فوجی ترجمان کی میڈیا بریفنگ میں سنی، اس سے زیادہ یقینی اور پکی بات اور کون کر سکتا ہے اور اگراس میں ذرہ بھر صداقت ہے تو یہ ملک کے لئے تشویش کی بات ہے۔
مجھے نہیں معلوم کہ فوجی ترجمان نے میڈیا بریفنگ کی ٹائمنگ کا تعین کیسے کیا، بہتر ہوتا کہ وہ صدر ٹرمپ کی تقریر کا انتظار کر لیتے اور اس پر حکومت کے رد عمل کو دیکھتے اور پھرکوئی کمی رہ جاتی تو ضرور بریفنگ دیتے۔ ٹرمپ کی تقریر سے پہلے یہ میڈیا بریفنگ عوام کی مکمل تشفی اور راہنمائی نہیں کر سکتی تھی۔
چلئے فوجی ترجمان جانیں اور ٹرمپ صاحب جانیں ۔ مجھے تو یہ سن کر شدید رنج پہنچا کہ ملک کا اس قدر ذمے دار شخص اسی ملک کے سب سے بڑے صوبے کے سب سے زیادہ فعال شخص کے بارے میں خطرے کا الارم بجا رہا ہے، کاش ! وہ ساتھ ہی شہباز شریف کے چاہنے والوں کو تسلی بھی دیتے کہ ملک کی اس قدر اہم شخصیت کی حفاظت کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔ یہ واضح کر دیتے کہ فوج کی حد تک چیف منسٹر کی سیکورٹی فول پروف بنا دی گئی ہے اور ان کا کوئی بال تک بیکا نہیں کر سکتا۔ فوجی ترجمان کو خطرے سے آگاہ کرنے تک محدود نہیںرہنا چاہئے تھا۔مگر ہو سکتا ہے کہ وہ اندر خانے چیف منسٹر پنجاب کے لئے فول پروف سیکورٹی کا بند و بست کر چکے ہوں اور صوبائی ا داروں کو بھی مناسب ہدایات اور حکمت عملی اپنانے کے لئے کہہ چکے ہوں۔
مگر میں یہ جانتا ہوں کی شہباز شریف جس شخص کا نام ہے، وہ گوشت پوست سے نہیں بنا، فولاد میں ڈھلا ہے اور اپنی ہی اتفاق فیکٹری میں ڈھلا ہے۔ زمانے کے سردو گرم نے اسے بے خوف بنا دیا ہے، میں حلفیہ کہتا ہوں کہ آج تک میںنے اس شخص کو کسی بڑی گاڑی میںنہیں دیکھا، جب بھی دیکھا، سوزوکی خیبر میں دیکھا۔اس کے آگے پیچھے میںنے کوئی کانوائے نہیں دیکھے ۔ وہ اکثر بلاا طلاع میرے شہر قصور جا پہنچتے ہیں جہاں ہسپتال کی ناقص حالت دیکھ کر ان کا خون کھولتا ہے ، وہ زیر تعمیر سڑکوں کا معائنہ بھی بلاا طلاع کرتے ہیں۔وہ ایک بار میرے بیٹے کی شادی کی مبارکباد دینے کے لئے مصطفی ٹاﺅن کے ویران علاقے میں میرے گھر میں اکیلے چلے آئے تھے۔بس میرے عزیز دوست شعیب بن عزیز ان سے پہلے اس لئے آ گئے تھے تاکہ مجھے ان کی آمد کی اطلاع دے سکیں۔
میں چاہتا ہوں کہ شہباز شریف کسی قسم کے خوف میںمبتلا نہ ہوں، انسان کی جان صرف ایک بار نکلنی ہے، انسان کو روز مرنے سے بچنا چاہئے۔ خوف اور دہشت کے سائے میں زندگی بھی کوئی زندگی ہے، گیدڑ کی سو سالہ زندگی سے شیر کی ایک دن کی زندگی ہزار گنا بہتر ہے مگر میری دعا ہے کہ شہباز شریف شیر کی طرح جئیں اور برسوں تک جیئں اے خدا ! شہباز شریف سلامت رہیں۔
پنجاب کے صوبے کو ان کی ضرورت ہے، ملک کو ان کی ضرورت ہے۔ خطے میں خوشحالی کو پروان چڑھانے اور سی پیک کی تکمیل کے لئے چین کو ان کی ضرورت ہے۔اور سب سے بڑھ کر ان کی آل اولاد پر ان کا سایہ عاطفت ہمیشہ اور تادیر ابر کرم بن کرچھایا رہے
ویسے آپس کی بات ہے کہ شہباز شریف کی سیکورٹی اللہ نے اپنے ہاتھ میں لے رکھی ہے۔ وہ اللہ کی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں ۔کرو مہربانی تم اہل زمین پر ۔ خدا مہرباں ہو گا عرش بریں پر۔
اگر کسی نے شہباز شریف کی سیکورٹی کی آزمائش کرنی ہو تو وہ ان کی رہائش گاہ یا دفتر کے آس پاس گاڑی ، موٹر سائیکل، یا سائیکل کھڑی کر نے کی ہمت کرے ، اگر چشم زدن میں فرشتے اس کی جان کو نہ آ جائیں تو میرا نام بدل دیجئے گا، اس لئے واضح رہنا چاہئے کہ دہشت گردی کے خطرے کا الارم سن کر شہباز شریف کا سانس ہر گز نہیں پھولے گا۔
شہباز صاحب پھر بھی کچھ خوف محسوس کریں تو مجھے اپنے جاںنثار کے طور پر گارڈ متعین کر لیں۔ ایک میں کیا، اس صوبے اورا س ملک کے ہزراوںلاکھوں لوگ ان کے اردگرد حصار بنا سکتے ہیں اوراصل حصار تو وہ ہے جو عوام کی دعاﺅں سے اللہ نے انہیں فراہم کر رکھا ہے۔
شہباز شریف! تم جیو ہزاروں سال!

اگلا کالم